ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جھارکھنڈ میں حکومت سازی کا دعویٰ پیش کرنے راج بھون پہنچیں گے چمپئی سورین، گورنر نے دیا ملاقات کا وقت

جھارکھنڈ میں حکومت سازی کا دعویٰ پیش کرنے راج بھون پہنچیں گے چمپئی سورین، گورنر نے دیا ملاقات کا وقت

Thu, 01 Feb 2024 22:48:30    S.O. News Service

رانچی،یکم فروری (ایس او نیوز/ایجنسی) جھارکھنڈ میں جے ایم ایم-کانگریس-آر جے ڈی اتحاد کے نئے لیڈر چمپئی سورین حکومت سازی کا دعوہ پیش کرنے کے لیے جمعرات کی شام راج بھون پہنچیں گے۔ رپورٹ کے مطابق گورنر سی پی رادھا کرشنن نے انہیں ملاقات کے لیے شام 5.30 بجے کا وقت دیا ہے۔ چمپئی سورین کے ساتھ کانگریس قانون ساز پارٹی کے قائد عالمگیر عالم اور آر جے ڈی کے رکن اسمبلی ستیانند بھوکتا بھی موجود رہیں گے۔

چمپئی سورین بدھ کی رات کو بھی راج بھون پہنچے تھے اور اتحاد کے 43 ارکان اسمبلی کے دستخط شدہ خط کے ساتھ گورنر سے حکومت سازی کا اپنا دعویٰ پیش کیا تھا۔ گورنر نے کہا تھا کہ وہ اس سلسلے میں جلد ہی کوئی فیصلہ لیں گے۔ تقریباً 16 گھنٹے تک راج بھون سے کال کا انتظار کرنے کے بعد چمپئی سورین نے جمعرات کی دوپہر تقریباً 2 بجے گورنر کو خط لکھا۔ اس میں انہوں نے کہا کہ ہیمنت سورین کے استعفیٰ کے بعد حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا گیا ہے۔

انہوں نے لکھا، ’’ہم نے 47 ارکان اسمبلی کی حمایت کے دعوے اور 43 ارکان اسمبلی کا دستخط شدہ خط آپ کو سونپا ہے۔ راج بھون کے گیٹ کے باہر بدھ کو بھی 43 ارکان اسمبلی کھڑے تھے۔ ریاست میں گزشتہ 18 گھنٹوں سے کوئی حکومت نہیں ہے۔ یہ الجھن کی صورتحال ہے۔ گزارش ہے کہ ہمیں حکومت بنانے کے لیے بلایا جائے۔

چمپائی سورین نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر گورنر تسلی کرنا چاہتے ہیں تو تمام 43 ارکان اسمبلی راج بھون پہنچ سکتے ہیں۔ تاہم اس خط کے بعد راج بھون نے چمپئی سورین کو شام 5.30 بجے ملاقات کا وقت دیا ہے۔ اگر ان کا دعویٰ قبول کر لیا جاتا ہے تو وہ آج ہی وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا سکتے ہیں۔


Share: